پاکستان انڈر 19 سکلز ڈویلپمنٹ کیمپ، کھلاڑیوں کی فٹنس اور صلاحیتوں کا جائزہ

2

ملتان ,11 جولائی )اے پی پی ):ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں جاری پاکستان انڈر 19 سکلز ڈویلپمنٹ کیمپ کے دوران ہفتہ کے روز کھلاڑیوں نے پریکٹس میچ میں حصہ لیا، جس کے ذریعے ان کی فٹنس، تکنیکی مہارت اور مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔پریکٹس میچ سے قبل ہیڈ کوچ شاہد انور نے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے میچ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور انہیں فٹنس، نظم و ضبط اور کھیل کی بنیادی مہارتوں پر بھرپور توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پریکٹس میچ کے ذریعے کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا مؤثر انداز میں جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں باصلاحیت کھلاڑیوں کے انتخاب اور ان کی مزید تربیت کے عمل کو بہتر بنایا جا سکے۔ہیڈ کوچ شاہد انور کا کہنا تھا کہ سکلز ڈویلپمنٹ کیمپ کا بنیادی مقصد نوجوان کرکٹرز کی تکنیکی، جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے تاکہ انہیں قومی سطح کے اعلیٰ مقابلوں کے لیے مکمل طور پر تیار کیا جا سکے۔واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 سکلز ڈویلپمنٹ کیمپ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ہے، جو اگست کے آخری ہفتے میں اختتام پذیر ہوگا۔