وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڈ کی او آئی سی لیبر سینٹر، آذربائیجان کی ہیڈ آف ایڈمنسٹریٹو ڈویژن  سے ملاقات

6

اسلام آباد،12 جولائی ( اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق اعظم نذیر تارڈ سے او آئی سی لیبر سینٹر، آذربائیجان کی ہیڈ آف ایڈمنسٹریٹو ڈویژن جلیلہ اللہ وردیئیوا نے ملاقات کی ہے،ملاقات میں خواتین کے حقوق، سماجی ترقی اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو عزت، مساوات اور بنیادی حقوق فراہم کیے، مسلم امہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ان حقوق کے تحفظ اور فروغ کو یقینی بنایا جائے۔

ملاقات میں خواتین کو بااختیار بنانے، سماجی تحفظ، صلاحیتوں میں اضافے اور او آئی سی پلیٹ فارم کے تحت مشترکہ اقدامات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق نے کہا کہ پاکستان خواتین کے لیے ترجیحی اقدامات پر عمل پیرا ہے اور خواتین سیاست، پارلیمان، عدلیہ، تعلیم، کاروبار اور دیگر شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔

دورانِ ملاقات پاکستان اور او آئی سی لیبر سینٹر نے خواتین کی ترقی، ادارہ جاتی روابط کے فروغ، تجربات کے تبادلے اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔