وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ کی ترکیہ کی وزیر برائے خاندانی و سماجی خدمات سے ملاقات

15

اسلام آباد ،12 جولائی ( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق اعظم نذیر تارڑ اور ترکیہ کی وزیر برائے خاندانی و سماجی خدمات ماہینور اوزدمیر گوکتاش کے مابین ملاقات ہوئی ہے۔ملاقات میں خواتین کے حقوق، خاندانی نظام کے استحکام اور سماجی تحفظ کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان خاندان، سماجی خدمات اور سماجی تحفظ کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔دونوں ممالک نے مشترکہ اقدامات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق اعظم نزیر تارڑ اور ترک وزیر ماہینور اوزدمیر گوکتاش نے ڈیجیٹل اسپیس میں خاندانی نظام کے تحفظ، بچوں اور خواتین کے حقوق کے فروغ اور مشترکہ پالیسی اقدامات پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کا خاندانی فلاح، خواتین کے حقوق، سماجی تحفظ اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے، تجربات کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خاندان کے ادارے کے استحکام، خواتین کے تحفظ اور سماجی بہبود کے فروغ کے لیے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔