وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملاقات، دوطرفہ تجارتی تعاون پر تبادلۂ خیال

6

اسلام آباد، 23جولائی(اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارتی روابط، کاروباری تعاون اور اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے موجودہ پاک۔برطانیہ ٹریڈ ڈائیلاگ کو ایک مضبوط ادارہ جاتی اقتصادی فریم ورک میں تبدیل کرنے پر غور کیا گیا، جبکہ قریبی رابطے برقرار رکھتے ہوئے تجارتی تعاون کے عملی نتائج یقینی بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان کاروباری مسابقت بڑھانے کے لیے ٹیرف اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن اور ریگولیٹری اقدامات پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابلِ پیش گوئی ٹیرف پالیسی اور سستے صنعتی خام مال کی دستیابی سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور برآمدی شعبے کو فروغ ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ افریقہ اور وسطی ایشیا پاکستانی مصنوعات کے لیے اہم اور ابھرتی ہوئی منڈیاں ہیں، جبکہ معیارات، سرٹیفکیشن، ٹریس ایبلٹی، ماحولیاتی تقاضوں اور ویلیو ایڈیشن کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستان کی اقتصادی اور کاروباری اصلاحات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ پاک۔برطانیہ ٹریڈ ڈائیلاگ کو واضح شعبوں، ورکنگ گروپس اور مقررہ ٹائم لائنز کے ذریعے مزید مؤثر بنانے کا جائزہ لے رہا ہے۔

سیکریٹری تجارت جواد پال نے بتایا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو ورکنگ گروپس پہلے ہی فعال ہیں، جبکہ دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لیے مزید ورکنگ گروپس قائم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکے پاکستان بزنس کونسل کاروبار، سرمایہ کاری اور قابلِ عمل تجارتی منصوبوں کے فروغ میں فعال کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان انٹلیکچوئل پراپرٹی قوانین کے نفاذ کو مزید مضبوط بنا رہا ہے اور انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن پاکستان کے چیئرمین کی نئی تقرری بھی جلد متوقع ہے۔

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اگلا ٹریڈ ڈائیلاگ رواں سال موسمِ خزاں میں اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا۔