لاہور، 24 جولائی(اے پی پی): پنجاب اسپیشل پلاننگ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں اتھارٹی میں تعیناتی کے طریقہ کار، مالی معاملات اور انتظامی امور سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، ڈائریکٹر جنرل پی ایس پی اے عبداللہ نئیر اور بورڈ کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔ اس موقع پر اتھارٹی کی کارکردگی، انتظامی معاملات اور مستقبل کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر ذیشان رفیق نے پی ایس پی اے کو مقررہ اہداف کے حصول کے لیے اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمرشل تعمیراتی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کا دائرہ کار مرحلہ وار وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبے میں ماسٹر پلاننگ کے تحت منظم اور جدید تعمیراتی کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پی ایس پی اے کے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی نظام کو سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کی مدد سے تربیت دی جا رہی ہے، جبکہ پلاننگ سپورٹ سسٹم کے ذریعے ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری کا آن لائن نظام بھی متعارف کرا دیا گیا ہے، جس سے شفافیت اور رفتار میں اضافہ ہوگا۔
ذیشان رفیق نے کہا کہ گرین ایریاز کے تحفظ کے لیے پنجاب اسپیشل اسپیشل پلاننگ اتھارٹی کا قیام ایک اہم پیش رفت ہے اور حکومت اتھارٹی کو درکار وسائل کی بروقت فراہمی یقینی بنائے گی تاکہ صوبے میں جدید، پائیدار اور منظم شہری منصوبہ بندی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔











