پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت لودھراں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری،ڈپٹی کمشنر کا منصوبوں کا دورہ

2

لودھراں،08جولائی (اے پی پی): پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت لودھراں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت لودھراں میں جاری مختلف منصوبوں کا دورہ کرتے ہوئے تعمیراتی کاموں اور استعمال ہونے والے میٹریل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے جلالپور موڑ پر زیرِ زمین واٹر اسٹوریج ٹینک، 100 چک میں ڈسپوزل اسٹیشن اور بی کالونی تا بھٹہ خمیسہ روڈ ٹف ٹائلز منصوبے کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر زین حیدر اور متعلقہ کنٹریکٹرز بھی موجود تھے۔محمد اشرف نے موقع پر تعمیراتی میٹریل کے معیار کو چیک کیا اور کنٹریکٹرز کو تمام منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جلالپور موڑ پر زیرِ زمین واٹر اسٹوریج ٹینک کی تکمیل سے سڑک پر پانی جمع ہونے کا مسئلہ ختم ہوگا جبکہ نکاسی آب کو قریبی نہر میں منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 100 چک میں ڈسپوزل اسٹیشن سے سیوریج کے پانی کی روانی بہتر ہوگی، جبکہ بی کالونی اور بھٹہ خمیسہ روڈ پر ٹف ٹائلز کی تنصیب سے سڑک کے شولڈرز مضبوط ہوں گے اور علاقے کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہو گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی مشکلات کے پیش نظر تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ناقص میٹریل کے استعمال پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ تعمیراتی مقامات کی باقاعدہ اور اچانک چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔