اسپیکر قومی اسمبلی سے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر کی الوداعی ملاقات

3

اسلام آباد اگست 24(اے پی پی ): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے الوداعی ملاقات کی۔اسپیکر نے محمد یحییٰ کی پاکستان میں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون کے فروغ میں ان کی خدمات قابلِ تعریف ہیں۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون باہمی اعتماد اور شراکت داری پر مبنی ہے۔ پاکستان کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے اقوام متحدہ کی معاونت قابلِ قدر ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی مسائل اور بحرانوں سے نمٹنے میں اقوام متحدہ کا کردار ہمیشہ قابلِ تعریف رہا ہے۔ ہم پارلیمانی سطح پر اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔

اسپیکر نے کہا کہ ویمن پارلیمنٹری کاکس اور جینڈر مین اسٹریمِنگ کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے محمد یحییٰ کے لیے مستقبل کی ذمہ داریوں میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

محمد یحییٰ نے اسپیکر کی نیک خواہشات پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں قیام کے دوران انہیں بہت عزت اور احترام ملا۔