وزیرِ مملکت وجیہہ قمر کا نیشنل بک فاؤنڈیشن کا دورہ، گوشۂ اقبال اور گوشۂ قائداعظم کا افتتاح

3

اسلام آباد، 24 اگست (اے پی پی) : وزِیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے نیشنل بُک فاؤنڈیشن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے گوشۂ قائداعظم اورگوشۂ اقبال کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ اقدام وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا علامہ محمد اقبال اور قائداعظم محمد علی جناح کی 150 ویں سالگرہ کی تقریبات کو قومی سطح پر شایانِ شان انداز میں منعقد کرنے اور دونوں عظیم رہنماؤں کے افکار و نظریات کو نئی نسل تک مؤثر انداز میں پہنچانے کے وژن کا حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے علمی و فکری گوشوں کا قیام پاکستان کے قومی ورثے، فکری روایات اور بانیانِ پاکستان کے پیغام کو اُجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔علاوہ ازیں انہوں نے نیشنل بک میوزیم، انڈونیشین کارنر اور ادارے کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ نیشنل بک میوزیم میں محفوظ نادر و نایاب کتابی ذخیرے، قدیم قرآنی نسخوں اور تخلیقی فن پاروں کا مشاہدہ کرتے ہوئے وزیرِ مملکت نے انہیں پاکستان کے علمی و تہذیبی ورثے کا اہم حصہ قرار دیا۔ انہوں نے قرآنِ پاک کے خصوصی گوشے، صوفیاء کارنر اور عظیم شعرا و ادبا سے متعلق نمائش میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔وزیرِ مملکت نے کہا کہ ایسے علمی گوشے اور نادر ذخائر نوجوان نسل میں مطالعے، تحقیق اور جستجو کا ذوق بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے نیشنل بک فاؤنڈیشن کی جانب سے کتاب اور علمی ورثے کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔

بعد ازاں منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل بک فاؤنڈیشن ڈاکٹر کامران جہانگیر نے وزیرِ مملکت کو نئے قومی نصاب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جس کا اطلاق مارچ 2027ء سے متوقع ہے۔ بریفنگ میں نصابی کتب کی تیاری و ترقی، ٹیکسٹ بک کے معیار میں بہتری، پاکستانی پبلشرز کے ساتھ اشتراک، معیاری کتب کی اشاعت اور طلبہ کے لیے مؤثر علمی و فکری مواد کی فراہمی کے حوالے سے حکمتِ عملی پر گفتگو ہوئی۔اس موقع پر اس امر پر زور دیا گیا کہ نصابی کتب کی تیاری میں علمی معیار، تحقیق اور طلبہ کی فکری ضرورتوں کو بنیادی اہمیت دی جائے، تاکہ نئی نسل میں مطالعے کا ذوق، تحقیق کا شعور اور اپنی علمی و تہذیبی روایت سے وابستگی فروغ پا سکے۔

وزیرِ مملکت وجیہہ قمر نے نیشنل بک فاؤنڈیشن کی علمی، ادبی اور اشاعتی خدمات کو سراہتے ہوئے ادارے کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے معیاری کتب کی اشاعت، ادبی سرگرمیوں کے فروغ اور قومی علمی ورثے کے تحفظ کے لیے جاری اقدامات میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور ادارے کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر سیکرٹری نیشنل بک فاؤنڈیشن ڈاکٹر خان فرحان رفعت اور ڈائریکٹر نیشنل بک فاؤنڈیشن مراد علی مہمند بھی موجود تھے۔