تاریخی قلعہ سیالکوٹ میں یومِ آزادی کی مرکزی تقریب، صوبائی وزیر منشاء اللہ بٹ کی جانب سے پرچم کشائی

4

سیالکوٹ، 14 اگست (اے پی پی):سیالکوٹ میں یومِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی اور پروقار تقریب تاریخی قلعہ سیالکوٹ میں منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ تھے۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق، اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر وقار خان، ڈی پی او دوست محمد، اراکینِ صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام اور شکیلہ آرتھر، اور خواجہ سلطان سمیت دیگر معززین نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب کا ایک خوبصورت پہلو سکھ، مسیحی اور ہندو برادریوں سمیت دیگر اقلیتوں کے نمائندوں کی بھرپور شرکت تھی، جو پاکستان کی قومی یکجہتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کا بااعتماد مظاہرہ تھی۔ صبح ٹھیک 9 بجے سائرن بجایا گیا جس کے بعد فضا ملی نغموں سے گونج اٹھی۔ اس موقع پر پنجاب پولیس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور اسکاؤٹس کے چاق و چوبند دستوں نے پرچم کو سلامی پیش کی۔ پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا جبکہ طلبہ و طالبات نے ملی نغمے اور دلکش ٹیبلوز پیش کر کے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی بے مثال قیادت اور مصورِ پاکستان علامہ محمد اقبال کے افکار کی روشنی میں وطنِ عزیز آزاد ہوا۔ آج پوری قوم نئے جذبے اور ولولے کے ساتھ جشنِ آزادی منا رہی ہے اور اپنے شہداء کو ان کی عظیم قربانیوں پر خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے آباء و اجداد نے جانوں کا نذرانہ دے کر یہ ملک حاصل کیا، اس لیے ہر پاکستانی اس آزادی کی حفاظت کا امین ہے۔ افواجِ پاکستان کی قابلیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث ملک کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور پوری قوم جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کی محافظ افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں ملک ترقی کی سمت گامزن ہے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے، ہمیں اتحاد اور محنت کے ذریعے اسے مزید مضبوط بنانا ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان، ہمارا فخر اور ہمارا مستقبل ہے۔ یومِ آزادی ہمیں اتحاد، نظم و ضبط اور وطن سے بے لوث وفاداری کا درس دیتا ہے اور آج کے دن پوری قوم ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے نئے عزم کے ساتھ کوشاں ہے۔