تجارتی ڈیٹا قیمتی قومی اثاثہ ہے، تحفظ اور مؤثر استعمال ناگزیر ہے: وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان

3

اسلام آباد، 21 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی اور اسکائی 47 کے نمائندوں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں سوورین کلاؤڈ، محفوظ ڈیٹا ایکسچینج اور مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید تجارتی نظام کے قیام پر غور کیا گیا۔

وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان کا تجارتی ڈیٹا قیمتی قومی اثاثہ ہے، اس کا تحفظ اور مؤثر استعمال ناگزیر ہے۔ انہوں نے وزارت تجارت، ذیلی اداروں، چیمبرز اور 55 سے زائد ممالک میں تعینات پاکستانی ٹریڈ افسران کے ڈیٹا کو مربوط کرنے پر زور دیا۔

جام کمال خان نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے تجارتی رجحانات، برآمدی مواقع اور نئی عالمی منڈیوں کی نشاندہی کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے قومی ڈیٹا کو ملک کے اندر محفوظ رکھنے کے لیے مقامی ڈیٹا سینٹرز کی استعداد بڑھانے اور سرکاری اداروں کے لیے جدید، شفاف اور تیز رفتار کلاؤڈ پروکیورمنٹ نظام تیار کرنے کی ہدایت کی۔

پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے نمائندوں نے ڈیٹا گورننس، محفوظ ڈیٹا ایکسچینج اور قومی ڈیجیٹل ماسٹر پلان پر بریفنگ دی، جبکہ اسکائی 47 کے نمائندوں نے ڈیٹا سینٹرز، سائبر سکیورٹی، ڈیزاسٹرریکوری اور سوورین کلاؤڈ سروسز سے متعلق امور سے آگاہ کیا۔

ملاقات میں پاکستان کی ضروریات کے مطابق اوپن نیٹ ورک فار ڈیجیٹل کامرس کے قیام پربھی غور کیا گیا۔ وزیر تجارت نے خفیہ سرکاری امور میں غیر ملکی عوامی مصنوعی ذہانت کے پلیٹ فارمز کے استعمال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے محفوظ ڈیٹا انضمام، سوورین کلاؤڈ اور اے آئی ٹریڈ انٹیلیجنس کے حوالے سے عملی تجاویز تیار کرنے کی ہدایت کی۔