جامعات میں ثقافتی روایات اور مقامی علمی ورثے پر تحقیق کی حوصلہ افزائی کی جائے، وجیہہ قمر

0

اسلام آباد، 6 اگست (اے پی پی):وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے “نقوشِ وطن” تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعات میں پاکستان کی ثقافتی روایات اور مقامی علمی ورثے پر سنجیدہ تحقیق کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے تاکہ نئی نسل اپنی تاریخ، تہذیب اور قومی شناخت سے مضبوط تعلق قائم کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ثقافتی ورثے کو نصاب کا باقاعدہ اور مؤثر حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “نقوشِ وطن” ایک زندہ قومی اثاثہ ہے، جسے تحقیق، عوامی شرکت اور مسلسل بہتری کے ذریعے مزید مؤثر بنایا جانا چاہیے۔

وجیہہ قمر نے کہا کہ کامیابی کا اصل پیمانہ تقریبات کی تعداد نہیں بلکہ ایسی نئی نسل کی تشکیل ہونی چاہیے جو اپنی تہذیب، ثقافت اور قومی ورثے سے مکمل آگاہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی شعور پر مبنی تعلیم ہی نوجوانوں کو اپنی شناخت، تنوع کے احترام اور عالمی سطح پر مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بناتی ہے۔