وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی کا ’’نقشِ وطن‘‘ قومی ثقافتی بیانیے کا افتتاح، ثقافتی تنوع پاکستان کی سب سے بڑی طاقت قرار

0

اسلام آباد، 6 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے “نقشِ وطن” کے عنوان سے قومی ثقافتی بیانیے کا باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا ثقافتی تنوع ہماری سب سے بڑی طاقت ہے اور ثقافت کے فروغ، قومی ورثے کے تحفظ اور قومی یکجہتی کے لیے مشترکہ قومی بیانیہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ “نقشِ وطن” ایسا جامع قومی بیانیہ ہے جو قومی یکجہتی، ثقافتی ورثے، معاشی ترقی اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو ایک دوسرے سے جوڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک دستاویز نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے ذریعے قومی شناخت کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

اورنگزیب خان کھچی نے بتایا کہ مارچ 2025 سے اب تک قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کی 655 مختلف سرگرمیاں مکمل کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوک میلہ 2025 میں تقریباً تین لاکھ افراد نے شرکت کی، جبکہ قومی لائبریری سے دو لاکھ ستر ہزار سے زائد قارئین نے استفادہ کیا۔ اسی عرصے میں پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز کے زیر اہتمام 434 ادبی سرگرمیاں منعقد کی گئیں، جبکہ 1,252 ثقافتی نوادرات وطن واپس لانا قومی ورثے کے تحفظ کی ایک اہم کامیابی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران 12 بین الاقوامی ثقافتی معاہدے اور ثقافتی تبادلہ پروگرامز بھی طے کیے گئے، جبکہ اداروں کی اصلاحات، فنکاروں کی فلاح اور ثقافتی سفارت کاری کے شعبوں میں بھی نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ثقافت نہ صرف قومی شناخت کو مضبوط بناتی ہے بلکہ روزگار کے مواقع، سیاحت، برآمدات اور قومی معیشت کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ نگزیب خان کھچی نے کہا کہ “نقشِ وطن” تمام صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں عوامی تجاویز کا بھی خیرمقدم کیا جائے گا۔

 انہوں نے صوبائی حکومتوں، جامعات، میڈیا، نجی شعبے اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ اس قومی ثقافتی بیانیے کو اپنائیں اور اس کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔