رینالہ خورد: 12 ربیع الاول کا مرکزی جلوس شوق و عشقِ رسول ﷺ کے ساتھ رواں دواں

0

رینالہ خور 26,اگست(اے پی پی ):12 ربیع الاول کا مرکزی جلوس شوکت آباد موڑ سے شوق و عشقِ رسول ﷺ کے جذبے کے ساتھ شروع ہو چکا ہے اور اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔جلوس شیرگڑھ روڈ، جی ٹی روڈ، ویلکم روڈ اور چوہدری محلہ سے ہوتا ہوا مرکزی مسجد صدر بازار میں اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس میں علماء کرام، شہریوں، بچوں، نوجوانوں اور ہر عمر کے افراد کی کثیر تعداد شریک ہے۔ جشنِ میلاد مصطفیٰ ﷺ کے موقع پر بچوں، نوجوانوں اور بڑوں میں قابلِ دید جوش و خروش پایا جا رہا ہے، جبکہ ہر طرف درود و سلام کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں اور محفلِ نعت کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

جلوس کے موقع پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی جلوس کے ہمراہ موجود ہیں۔

ریسکیو 1122، محکمہ صحت، واپڈا اور میونسپل کمیٹی کا عملہ بھی جلوس کے ساتھ اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دے رہا ہے۔