حب اور لسبیلہ میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ، شہر سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سج گئے

3

حب ،26اگست  (اے پی پی):ملک بھر کی طرح ضلع حب اور ضلع لسبیلہ میں بھی جشنِ عید میلاد النبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ مذہبی جوش و جذبے، عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ شہر بھر میں درود و سلام اور نعتوں کی صدائیں بلند ہیں، جبکہ سرکاری عمارات، مساجد، گلیوں، بازاروں اور اہم شاہراہوں کو سبز جھنڈیوں، بینرز اور برقی قمقموں سے خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔

جشنِ میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے حب کے مختلف علاقوں، مساجد اور مارکیٹوں میں خصوصی محافلِ میلاد، نعت خوانی، ذکر و اذکار اور سیرتِ طیبہ ﷺ کے پروگرامز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ان محافل میں علماء کرام اور مذہبی شخصیات حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرتِ مبارکہ، تعلیمات اور اسوۂ حسنہ پر روشنی ڈال رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ عید میلاد النبی ﷺ مسلمانوں کے لیے محبت، عقیدت اور خوشی کا عظیم موقع ہے۔ اس موقع پر عاشقانِ رسول ﷺ درود و سلام کی محافل منعقد کرکے اپنے آقا و مولا حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ شہریوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بناتے ہوئے معاشرے میں امن، محبت، اخوت، بھائی چارے اور برداشت کو فروغ دیں گے۔

مذہبی رہنماؤں نے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی آمد پوری انسانیت کے لیے رحمت، ہدایت اور امن کا پیغام ہے۔ آپ ﷺ کی سیرتِ مبارکہ ہمیں محبت، بھائی چارے، رواداری اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہے، اس لیے ہمیں اپنی زندگیوں کو آپ ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنا چاہیے۔

جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کے احکامات کی روشنی میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں بھی میلاد النبی ﷺ کی تقریبات عقیدت و احترام سے منعقد کی جا رہی ہیں۔ جلوسوں، محافل اور دیگر مذہبی پروگرامز کو پرامن انداز میں منعقد کرانے کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی سمیت دیگر انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔

اس موقع پر سرکاری عمارات اور شہر بھر کی مساجد کو سبز روشنیوں سے منور کیا گیا ہے، جبکہ مختلف مقامات پر نعت خوانی اور محافلِ میلاد کا سلسلہ جاری ہے۔ عوام الناس نے ملک میں امن، سلامتی، بھائی چارے، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔