سرسبز و شاداب ملتان کیلئے شجرکاری مہم تیز، کلوز مائنز سائٹ پر 200 سے زائد پودے لگا دیے گئے

2

 

ملتان، 18اگست(اے پی پی):ضلعی انتظامیہ نے ملتان کو سرسبز و شاداب بنانے اور ماحول کو بہتر بنانے کیلئے شجرکاری مہم تیز کردی ہے۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم اور ڈی جی مائنز محمد فاروق نے کلوز مائنز سائٹ پر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا اور 200 سے زائد آم اور جامن کے تیار پودے لگائے۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات ڈاکٹر طاہر عباس، ڈپٹی ڈائریکٹر مائنز آصف گل سمیت دیگر ضلعی حکام بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ بند مائنز سائٹ کی بحالی، ہریالی میں اضافے اور ماحولیاتی صورتحال کو بہتر بنانا شجرکاری مہم کا بنیادی مقصد ہے۔ مائنز سائٹ پر تیار درختوں کی شجرکاری سے علاقے کے ماحول کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملتان کی مرکزی شاہراہوں، چوکوں اور داخلی راستوں پر بھی بھرپور شجرکاری کی جارہی ہے جبکہ شہر کو سرسبز بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ محکمہ جنگلات، پی ایچ اے اور متعلقہ اداروں کو ضلع بھر میں تیار پودے لگانے کا ٹاسک دیا گیا ہے تاکہ شجرکاری کے عمل کو تیز کرکے زیادہ سے زیادہ علاقوں کو سرسبز بنایا جاسکے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ شجرکاری صرف درخت لگانے تک محدود نہیں بلکہ ان کی نگہداشت اور حفاظت بھی اولین ترجیح ہے۔ متعلقہ محکمے لگائے گئے پودوں کی باقاعدہ دیکھ بھال اور آبیاری یقینی بنائیں تاکہ یہ پودے تناور درخت بن کر شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرسکیں۔