سُتھرا پنجاب: وزیر بلدیات کا فیلڈ مانیٹرنگ آفیسرز اور تحصیل مینجرز کی استعداد کار بڑھانے پر زور

1

لاہور؛ 20 اگست (اے پی پی): وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے سول سیکرٹریٹ میں سُتھرا پنجاب پروگرام کے حوالے سے ایک اجلاس کے دوران فیلڈ مانیٹرنگ آفیسرز اور تحصیل مینجرز کی استعداد کار بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایف ایم اوز یونین کونسلز کی سطح پر لازمی ورکرز کی حاضری چیک کریں۔

 اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ زید بن مقصود، سپیشل سیکرٹری شاہد زمان لک اور ڈی جی سُتھرا پنجاب اتھارٹی عمر جاوید نے بھی شرکت کی جبکہ ضلعی ایجنسیز کے مینجنگ ڈائریکٹرز بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔ اس موقع پر ضلعی ایجنسیز کی کارکردگی اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ صفائی کے اہداف کے حصول کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر حاضری اور ویسٹ کولیکشن میں سستی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ ویسٹ انکلوژرز اور عارضی کولیکشن پوائنٹس (ٹی سی پی) سے ویسٹ کی باقاعدگی سے منتقلی یقینی بنائی جائے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ موسم برسات میں ہر بارش کے بعد سڑکوں کے کنارے جمع گرد فوری صاف ہونی چاہیئے۔ اس کیلئے مکینیکل اور مینول سویپنگ دونوں طریقے استعمال کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہیلپ لائن اور ایپ پر موصولہ شکایات کا جلد از جلد ازالہ کیا جائے۔ ذیشان رفیق نے گندگی پھیلانے پر اینٹی لٹرنگ حکمت عملی فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمرشل ایریاز میں صفائی کا عمل رات تک جاری رہنا چاہیئے۔ ریلوے ٹریکس سے بھی ویسٹ اٹھانے میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیئے۔