عوام کا حکومت پر اعتماد کا رشتہ بحال اور مضبوط ہونا چاہیے، مریم نواز شریف

1

لاہور، 20 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کا حکومت پر اعتماد کا رشتہ بحال اور مضبوط ہونا چاہیے، جبکہ جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل گورننس کے ذریعے حکومتی نظام میں شفافیت، میرٹ اور عوامی سہولت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف اور پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ہر کامیاب منصوبے کے پیچھے پی آئی ٹی بی کی تکنیکی معاونت شامل ہے۔ پی آئی ٹی بی پنجاب کی ترقی اور ڈیجیٹل تبدیلی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی کا دور ہے اور آج کی دنیا میں مصنوعی ذہانت کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ روایتی اور فرسودہ طریقوں پر انحصار جاری رکھا گیا تو ناکامی یقینی ہے، اس لیے ہر شعبے میں ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ای گورننس، ای بز، مریم کی دستک اور دیگر منصوبوں کے ذریعے مکمل ڈیجیٹل ایکو سسٹم تشکیل دیا جا رہا ہے۔ اب روایتی فائلنگ سسٹم کے بجائے فائلیں ڈیجیٹل نظام کے تحت چل رہی ہیں، جبکہ ای فائلنگ کے استعمال سے ماہانہ اربوں روپے کی بچت ہو رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام کے باعث حکومت کے تمام محکمے، اضلاع اور ڈویژنز ایک مربوط یونٹ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ سیلاب اور اربن فلڈنگ سمیت ہنگامی صورتحال میں بھی ڈیجیٹل مانیٹرنگ سے بروقت اقدامات اور بہتر رابطہ کاری ممکن ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مستند ڈیٹا کے بغیر ترقیاتی منصوبے اور فلاحی پروگرام مؤثر انداز میں نہیں چل سکتے۔ ایک سال کی محنت کے بعد پنجاب سوشل اکنامک رجسٹری (PSER) کا ڈیٹا تیار کیا گیا، جس سے مستحق افراد کی درست نشاندہی اور انہیں براہ راست امداد کی فراہمی ممکن ہوئی ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ حق حقدار تک پہنچے اور کسی غریب کا حق غیر مستحق شخص کو نہ ملے۔ انہوں نے کہا کہ ای بز کے ذریعے کاروباری افراد کے دیرینہ مسائل حل کیے جا رہے ہیں اور مختلف این او سیز ایک ہی پورٹل سے حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مستقبل میں ایسا نظام تشکیل دیا جائے گا جہاں شہریوں کو اپنے کام کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ انہوں نے چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کو اس حوالے سے نیا نظام تشکیل دینے کا ٹاسک بھی دے دیا۔انہوں نے کہا کہ مریم کی دستک کے ذریعے لاکھوں شہریوں کو گھر کی دہلیز پر سرکاری خدمات فراہم کی جا چکی ہیں، جبکہ راشن اور دیگر ضروری اشیا بھی مستحق افراد تک پہنچائی جا رہی ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ عوامی خدمت حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب، صحت اور دیگر شعبوں میں بھی ٹیکنالوجی کی مدد سے نظام بہتر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال مکمل ہونے سے پہلے پنجاب کے عوام کو گھروں تک صاف پانی پہنچانے کے عزم پر بھی عملدرآمد کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے اور عوام کو کرپٹ عناصر سے بچانے کے لیے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ فرسودہ روایتی طریقہ کار کو ختم کرکے جدید، شفاف اور عوام دوست نظام متعارف کرانا حکومت کی ترجیح ہے۔