سکھر،26 اگست(اے پی پی):ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر میں بھی عید میلاد النبی ﷺ کا عظیم اور بابرکت دن نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر نکالے گئے جلوسِ میں لاکھوں عاشقانِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے والہانہ انداز میں شرکت کی ، جلوس شیخ شہین بادشاہ سے شروع ہوا اور مقررہ راستوں سے گزرتے ہوئے استقبالیہ کیمپ گھنٹہ گھر پر پہنچا جہاں معروف عالم دین مفتی ابراہیم قادری سمیت ممتاز علمائے کرام نے ذکرِ خیرِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کیا۔
اس موقع پرمفتی ابراہیم قادری نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ 12 ربیع الاول اسلامی تاریخ کا وہ مبارک دن ہے جب اللہ تعالیٰ نے اپنی سب سے بڑی نعمت اور آخری نبی حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اس دنیا میں بھیجا۔ یہ دن ہمیں یہ سبق بھی دیتا ہے کہ اسلام کے عالمگیر پیغامِ امن و محبت کو پھیلانا ہم سب کی ذمہ داری ہے تاکہ دنیا کو وہ روشنی میسر ہو جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انسانیت کو عطا کی۔
آخر میں علماءکرام نے ملکی سلامتی ، خوشحالی و استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کیں، اس موقع پر پولیس و رینجرزکی بھاری بفری جلوس کے ہمراہ اوراس کی گزرگاہوں اور راستوں پر تعینات کی گئی تھی۔











