سینیٹ ہاؤسنگ کمیٹی کا تحلیل شدہ پاک پی ڈبلیو ڈی ملازمین کے پنشن مسائل جلد حل کرنے کا مطالبہ

4

اسلام آباد،12اگست ( اے پی پی ) :سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر ناصر محمود کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں تحلیل شدہ پاک پی ڈبلیو ڈی کے ملازمین کی دوسرے محکمہ جات میں ایڈجسٹمنٹ، تنخواہوں اور پنشن سے متعلق معاملات کے حوالے سے کمیٹی کی ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے تحلیل شدہ پاک پی ڈبلیو ڈی کے ملازمین کی موجودہ صورتحال کے بارے میں کمیٹی کو بریفنگ دی۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ کمیٹی کی ہدایات کے مطابق تمام ملازمین کو مختلف محکموں میں ایڈجسٹ کر دیا گیا ہے اور انہیں ان کی تنخواہیں اور الاؤنسز بھی مل رہے ہیں۔ چیئرمین کمیٹی نے ملازمین کی ایڈجسٹمنٹ یقینی بنانے کے لیے متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام کی کاوشوں کو سراہا۔

تاہم کمیٹی نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) میں ایڈجسٹ کیے گئے ان ملازمین کو پنشن کی عدم ادائیگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا جو ایڈجسٹ ہونے کے بعد ریٹائر ہو چکے ہیں یا دورانِ ملازمت وفات پا چکے ہیں۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ ان ملازمین کی حیثیت سے متعلق مختلف تشریحات کے باعث پنشن کے کیسز زیر التوا ہیں۔

کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ فنانس ڈویژن صرف ان ملازمین کی تنخواہوں اور الاؤنسز کے لیے بجٹ جاری کر رہا ہے، جبکہ پنشن یا طبی اخراجات کے لیے کوئی رقم مختص نہیں کی گئی۔ کمیٹی نے زور دیا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی کے ملازمین کی ایڈجسٹمنٹ وفاقی کابینہ کی ہدایات پر کی گئی تھی اور انہیں تمام مراعات اور استحقاق کے ساتھ ایڈجسٹ کیا جانا چاہیے۔

قائمہ کمیٹی کو مزید بتایا گیا کہ وزارت داخلہ نے وزیر اعظم کو پیش کرنے کے لیے ایک سمری تیار کر لی ہے، کیونکہ فنانس ڈویژن کی رائے وزارتوں اور ڈویژنز کے لیے پابند ہوتی ہے، جبکہ اس معاملے کو صرف وزیر اعظم یا وفاقی کابینہ کے فیصلے کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔

تفصیلی غور و خوض کے بعد کمیٹی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ اس معاملے کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اور مزید تاخیر کے بغیر حل کیا جانا چاہیے۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر ناصر محمود نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی کہ فیصلہ کے لیے تین دن کے اندر سمری وزیر اعظم کو ارسال کی جائے۔

 پاک پی ڈبلیو ڈی کے سابق ملازمین کی فلاح و بہبود کے  کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سینیٹر ناصر محمود نے کہا کہ کمیٹی متاثرہ ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے جائز مسائل کے حل تک اس معاملے کی پیروی جاری رکھے گی۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر ہدایت اللہ خان، سینیٹر خالدہ عطیب، سینیٹر حسنہ بانو، سینیٹر جان محمد اور وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے شرکت کی۔