چیف ٹریفک آفیسر محمد نبیل کھوکھر کی جشنِ آزادی پر شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی کی اپیل

0

ملتان،13ا گست (ا ےپی پی ): چیف ٹریفک آفیسر ملتان محمد نبیل کھوکھر نے تمام اہلِ وطن، بالخصوص اہلِ ملتان کو جشنِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آزادی کی خوشیاں بھرپور انداز میں منائیں،تاہم ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں۔

اپنے پیغام میں چیف ٹریفک آفیسر محمد نبیل کھوکھر نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کی تلقین کریں، جبکہ نوجوان بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ون ویلنگ،ریسنگ اور خطرناک کرتب جیسی سرگرمیوں سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی خوشی اور جوش کا موقع ہے،اسے محفوظ اور پُرامن انداز میں منانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ شہری اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال کریں اور ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں۔

چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ آزادی کی خوشیاں مناتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہی ایک زندہ اور باشعور قوم کی پہچان ہے۔