فیصل آباد، 05۔ اگست (اے پی پی): یوم استحصال کشمیر کے موقع پر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں کشمیری عوام سے بھرپور اظہاریکجہتی، بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج اور حق خودارادیت کی غیرمتزلزل حمایت کے اظہار کے لیے ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی کی قیادت جامعہ زرعیہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کی جبکہ اساتذہ، طلبہ، افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے جوش و خروش سے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام سے یکجہتی، حق خودارادیت کی حمایت اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف نعرے اور پیغامات درج تھے۔ ریلی کے شرکاء نے“ کشمیر بنے گا پاکستان” ، “ہم کشمیری عوام کے ساتھ ہیں” اور“کشمیر کے مظلوم عوام تنہا نہیں” جیسے فلک شگاف نعرے لگائے جس سے پورا ماحول کشمیری عوام سے یکجہتی کے جذبات سے گونج اٹھا۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ یوم استحصال کشمیر صرف ایک دن نہیں بلکہ یہ پوری دنیا کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی المیے اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو ختم کر دیا جس سے نہ صرف بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہوئی بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کو بھی شدید خطرات لاحق ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پانچ اگست2019 کو آئین میں ظالمانہ ترمیم کر کے کشمیر اور کشمیریوں کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا گیا جس کو نہ کشمیری مانتے ہیں، نہ دنیا مانتی ہے، نہ پاکستان مانتا ہے اور نہ ہی اقوام متحدہ اسے تسلیم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی انسانی، سیاسی اور جمہوری حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور پاکستان ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
وائس چانسلر نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور بااثر عالمی قوتوں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، شہری آزادیوں پر قدغن، آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوششوں اور کشمیری عوام پر جاری مظالم کا سنجیدگی سے نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق خودارادیت فراہم کیا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور اس کے عوام کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی جائز جدوجہد کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھیں گے۔
ریلی کے دوران شرکاء نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کی آواز کو ہر قومی اور بین الاقوامی فورم پر اجاگر کرنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ دنیا مقبوضہ کشمیر کی حقیقی صورتحال سے آگاہ ہو سکے۔
مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ایک دن انہیں انصاف ضرور ملے گا۔ ریلی کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے ساتھ ساتھ مقبوضہ جموں و کشمیر کی جلد آزادی، شہدائے کشمیر کے بلند درجات اور کشمیری عوام کی کامیابی و سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔











