صدر مملکت آصف علی زرداری کا اقوام متحدہ کے ساتھ پائیدار ترقی اور موسمیاتی تحفظ کے لیے شراکت داری مزید مضبوط بنانے پر زور

4

اسلام آباد، 12 اگست (اے پی پی): صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایوانِ صدر میں پاکستان میں اقوام متحدہ کے مقیم کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ کے ساتھ الوداعی ملاقات کرتے ہوئے پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، غربت کے خاتمے، تعلیم اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں اقوام متحدہ کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔

ملاقات کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے ساتھ اپنے قریبی اور متعدد شعبوں پر محیط تعاون کو انتہائی قدر کی نگاه سے دیکھتا ہے اور قومی ترقیاتی ترجیحات کو آگے بڑھانے کے لیے اقوام متحدہ کی ٹیم کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

انہوں نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے، زچگی و بچوں کی صحت اور غذائیت سے متعلق خدمات بالخصوص “بینظیر نشوونما پروگرام” کے لیے اقوام متحدہ کے مسلسل تعاون کو سراہا۔

صدر زرداری نے بڑے موسمیاتی حادثات اور آفتوں کے دوران بین الاقوامی انسانی امداد کی ہم آہنگی اور پاکستان کی مدد کرنے میں اقوام متحدہ کے انسانی امور کے لیے رابطہ دفتر کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان  کے ساتھ ایسے طرزِ عمل کے تحت مسلسل تعاون کو اہمیت دیتا ہے جو قومی نظام کو تقویت دے اور حکومت کی قیادت میں ڈیزاسٹر ریسپانس کو مضبوط بنائے۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ انہوں نے “لیونگ انڈس انیشی ایٹو” اور “ریچارج پاکستان” جیسے اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ پاکستان کے ترقیاتی اور موسمیاتی مالیاتی وسائل کی فراہمی میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان اور اقوام متحدہ کے سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ کوآپریشن فریم ورک 2023-27 کے تحت مزید پیشرفت ہوگی۔

اس موقع پر محمد یحییٰ نے صدر مملکت کو آگاہ کیا کہ انہیں اقوام متحدہ کے انسانی امور کے رابطہ دفتر  کا اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل مقرر کر دیا گیا ہے اور وہ ستمبر 2026 تک اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ صدر آصف علی زرداری نے انہیں نئے عہدے پر مبارکباد دی، ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔