گورنر ہاؤس پشاور میں قومی سیرت النبی ﷺ کانفرنس، گورنر فیصل کریم کنڈی کا خطاب

6

پشاور: 20اگست (اے پی پی):گورنر ہاؤس  میں قومی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے علماء و مشائخ نے شرکت کی۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کانفرنس میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں قومی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد باعثِ اعزاز ہے، جبکہ ملک بھر سے علماء و مشائخ کی شرکت ہمارے لیے باعثِ مسرت ہے۔ انہوں نے تمام علماء و مشائخ کو گورنر ہاؤس میں خوش آمدید کہا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ کسی ایک دن، مہینے یا محفل تک محدود نہیں بلکہ ہمارے لیے مکمل ضابطۂ حیات ہے۔ حضرت محمد ﷺ صرف مسلمانوں نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے،حضور ﷺ کی زندگی محبت، شفقت، مساوات، برداشت، صداقت اور انسانیت کا عملی نمونہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ کے عظیم اخلاق نے دلوں کو فتح کیا اور دشمنوں کو دوست بنایا، جبکہ آپ ﷺ نے ایک منتشر معاشرے کو مضبوط امت میں تبدیل کیا۔ حقیقی محبتِ رسول ﷺ کا تقاضا ہے کہ معاملات میں سچائی اور رویوں میں نرمی اختیار کی جائے، دلوں میں رحم اور معاشرے میں انصاف پیدا کرنا سیرت النبی ﷺ کا بنیادی پیغام ہے اور ہماری عملی زندگی سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات کی عکاس ہونی چاہیے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا بہادر، غیرت مند، مہمان نواز اور باصلاحیت قوم کا صوبہ ہے۔ صوبے کے عوام نے دہشتگردی اور بدامنی کے خلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں، ہزاروں فوجی، پولیس اہلکار، قبائلی مشران، علماء، طلبہ اور خواتین نے امن کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے میں بسنے والی اقلیتیں ہمارے اپنے شہری ہیں، ان کی جان و مال اور عبادت گاہوں کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ خیبرپختونخوا کو امن، تعلیم، ترقی اور خوشحالی کا صوبہ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے، نوجوانوں کو صحیح سمت پر گامزن کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وسائل جہاں ہوتے ہیں وہاں مسائل بھی ہوتے ہیں، ان کے حل کے لیے اجتماعی کوشش ضروری ہے،پوری قوم متحد ہوکر ملک و قوم کی ترقی کے لیے آگے بڑھے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لیے پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ مکہ دفاعی معاہدہ پاکستان کے لیے باعثِ عزت ہے، جبکہ اس میں ترکیہ کی شمولیت ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدے کو عملی شکل دینے میں سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اہم کردار ادا کیا، اس کا کریڈٹ انہیں دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پہلی اسلامی سربراہی کانفرنس کا انعقاد کیا اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ صدر آصف علی زرداری نے جے ایف 17 تھنڈر کے ذریعے پاکستان کی دفاعی صلاحیت مضبوط بنانے میں کردار ادا کیا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، انہیں تعلیم، ہنر اور مثبت سوچ کے ذریعے بااختیار بنانا ہوگا۔ نوجوان نسل کو سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں بہترین شہری بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

آخر میں گورنر خیبرپختونخوا نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں سیرت النبی ﷺ پر حقیقی معنوں میں عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔