پتوکی میں عید میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے

0

پتوکی، 26 اگست (اے پی پی): ملک بھر کی طرح تحصیل پتوکی میں بھی عید میلاد النبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نہایت مذہبی جوش و جذبے، عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

اس موقع پر شہر بھر کو برقی قمقموں، سبز جھنڈیوں اور بینرز سے خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، جبکہ مختلف مذہبی و سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام جلوسِ میلاد ﷺ اپنے مقررہ راستوں پر پرامن انداز میں رواں دواں ہیں۔

جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس، ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جلوسوں کے راستوں پر تعینات ہیں تاکہ امن و امان برقرار رکھنے کے ساتھ شرکاء کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

ہزاروں کی تعداد میں عاشقانِ رسول ﷺ جلوسوں میں شریک ہیں اور نعرۂ تکبیر، درود و سلام اور صلاۃ و سلام کی صداؤں سے فضا کو معطر کر رہے ہیں۔ شرکاء محبتِ رسول ﷺ کا اظہار کرتے ہوئے عقیدت و احترام کے ساتھ درود و سلام کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔

مختلف مقامات پر جلوس کے شرکاء کی خدمت کے لیے سبیلوں اور لنگر کے وسیع انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔