چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان کا یومِ استحصالِ کشمیر پر پیغام،کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کا اعادہ

3

اسلام آباد، 05 اگست  (اے پی پی ): چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 5 اگست کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور ان کے حقِ خود ارادیت کی حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی مسلسل حمایت کرتا ہے اور ان کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ کشمیری عوام امن، انصاف اور باوقار مستقبل کے خواہاں ہیں اور پاکستان ہمیشہ ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پرامن اور دیرپا حل کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرے تاکہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ مل سکے۔

چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر ہمیں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان ہر سطح پر کشمیری عوام کی جائز امنگوں کی حمایت جاری رکھے گا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔