یومِ استحصالِ کشمیر: ملتان میں ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام گرینڈ ریلی، کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی

3

ملتان،05 اگست (اے پی پی): یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ ملتان کے زیرِ اہتمام شہر میں ایک گرینڈ ریلی نکالی گئی، جس میں کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رشد اقبال، اسسٹنٹ کمشنر سٹی ازکیٰ سحر اور اسسٹنٹ کمشنر صدر وقاص ظفر نے کی۔

ریلی میں سول سوسائٹی، مختلف سرکاری محکموں کے افسران و اہلکاروں، شہریوں، پی ایچ اے، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، ضلع کونسل اور دیگر اداروں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں فلک شگاف نعرے لگائے اور ان کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رشد اقبال نے کہا کہ پاکستان یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدامات نے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کو متاثر کیا، تاہم پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا اور ان کی منصفانہ جدوجہد کو ہمیشہ سراہتا رہے گا۔

اسسٹنٹ کمشنر سٹی ازکیٰ سحر نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر ظلم،جبر اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرنے کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔  انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو کشمیر کی تاریخی، سیاسی اور انسانی اہمیت سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر صدر وقاص ظفر نے کہا کہ عالمی برادری کو کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام کی امن، انصاف اور وقار کی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔