ملتان،5اگست(اے پی پی):یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر تحصیل شجاع آباد میں مختلف تقریبات، ریلیوں، سیمینارز اور شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔ مرکزی تقریب کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ڈاکٹر ثناء رام چند نے کی۔
اس موقع پر میونسپل کمیٹی شجاع آباد کے دفتر سے کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی۔ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول شجاع آباد میں پرچم کشائی کی تقریب، سیمینار اور ریلی کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں اساتذہ، طلبہ اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
یومِ استحصالِ کشمیر کی مناسبت سے گورنمنٹ بوائز کالج شجاع آباد، گورنمنٹ گرلز کالج شجاع آباد اور تحصیل کے دیگر مختلف مقامات پر بھی تقریبات اور ریلیاں منعقد کی گئیں۔ اس موقع پر شجرکاری مہم کے تحت پودے بھی لگائے گئے تاکہ قومی یکجہتی کے ساتھ ساتھ ماحول کے تحفظ کا پیغام بھی دیا جا سکے۔
اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ثناء رام چند نے اپنے خطاب میں کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ہر سطح پر اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔











