کراچی،14 اگست ( اے پی پی):کراچی بندرگاہ پر جشنِ یومِ آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی پرچم کشائی سے ہوا۔
وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو مل کر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ارادے مضبوط ہیں، کوئی پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، ملک کی خاطر ہمیں اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ ہماری عزتِ نفس محفوظ ہے، آزادی کی قدر کریں، نئی نسل کو بتانا ہوگا پاکستان کے لیے کتنی قربانیاں دی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی خودمختاری مضبوط معیشت اور تجارتی فروغ سے ممکن ہے، علاقائی تجارت اور ٹرانس شپمنٹ کو مزید فروغ دینا ہوگا۔
وزیر بحری امور نے کہا کہ کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کی پیش رفت عزم کی روشن مثال ہے، ہمیں صرف ریکارڈ نہیں، نئے معیار قائم کرنے ہیں۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ ہماری منزل مضبوط، خوددار اور خوشحال پاکستان ہے۔











