اسلام آباد، 5 اگست (اے پی پی ): حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے کنونئیر غلام محمد صفی نے یوم استحصال کی مناسبت سے منعقدہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری سال ہا سال سے بھارتی ظلم وجبر کا مقابلہ کررہے ہیں،وہاں کشمیری قیادت کئی دہائیوں سے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہی ہے،یہ تمام کشمیری اقوام متحدہ سے اپنا تسلیم شدہ حق مانگنے کی پاداش میں جیلوں میں بند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس حق استصواب رائے کے مطالبے پر نوجوانوں کو شہید کیاگیا اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے،اس مطالبہ پر کشمیر میں ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑے گئے ہیں،تاہم کشمیریوں کا جذبہ مانند پڑنے کی بجائے اور بلند ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری پاکستان کو اپنا وکیل اور والی وارث سمجھتے ہیں،پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی برادری اور عالمی فورمز پر بھرپور انداز میں پیش کیا ہے۔
انہوں نے 5 اگست 2019 کے یک طرفہ اقدام کو یوم استحصال منانے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کی آڑ میں بھارت نے کشمیریوں سے ان کا جھنڈا،ان کا ترانہ اور ان کی شناخت چھیننے کی کوشش کی،بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اسے بھارت میں ضم کردیا،تقہم جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے،جموں وکشمیر بھارت کا حصہ نہیں بن سکتا،کشمیری عوام نے اپنی تقدیرہمیشہ پاکستان کے ساتھ وابستہ کررکھی ہے۔











