سکھر: گمس گمبٹ میں تاریخی سنگ میل، جدید ترین یو بی ای اسپائن سرجری کے دو کامیاب آپریشن

2

سکھر،05اگست(اے پی پی): گمس گمبٹ میں تاریخی سنگ میل، جدید ترین یو بی ای اسپائن سرجری کے دو کامیاب آپریشن کرکے تاریخی کارنامہ انجام دے دیا۔

گمس کے روبوٹک نیورو اسپائن سرجری ڈیپارٹمنٹ میں پہلی مرتبہ یو بی ای اسپائنل ڈسکیکٹومی کے دو پیچیدہ اور کامیاب آپریشن کیے گئے ہیں۔ یو بی ای یعنی یونی لیٹرل بائی پورٹل اینڈوسکوپک سرجری ریڑھ کی ہڈی کے علاج کی دنیا کی جدید ترین اور کم تکلیف دہ تکنیک ہے، جس میں چھوٹا چیرا، کم خون کا اخراج اور مریض بہت جلد صحت یاب ہو جاتا ہے۔ اس سے قبل سندھ میں یہ مہنگا اور انتہائی ماہرانہ آپریشن صرف کراچی کے دو نجی ہسپتالوں میں ہوتے تھے لیکن اب یہ عالمی معیار کی سہولت گمس گمبٹ میں سندھ حکومت کی جانب سے سندھ اور پاکستان کے تمام صوبوں کے عوام کے لیے بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہے۔ یہ تاریخی کامیابی ڈائریکٹر گمس ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی کی متحرک قیادت اور ایسوسی ایٹ پروفیسر، ہیڈ آف روبوٹک نیورو اسپائن سرجری ڈاکٹر پیر اسد عزیز اور ان کی ٹیم کی غیر معمولی مہارت سے ممکن ہوئی۔

مسز صفیہ،55سالہ مریضہ نے بتایا کہ درد کی وجہ سے میری کمر جھک گئی تھی،آپریشن کے بعد اللہ کا شکر ہے میری کمر سیدھی ہو گئی ہے جبکہ  دوسری مریضہ ضلع شکارپور سے تعلق رکھنے والی 60 سالہ مسز نائلہ نےکہا  کہ مجھے کمر کی شدید تکلیف تھی،علاج کے لیے مختلف شہروں کے چکر کاٹے، انہوں نے کہا کہ گمس میں روبوٹ سے میرا اسپائن آپریشن ہوا ہے جوکہ بہت زبردست اور ماہر ڈاکٹروں کی زیر نگرانی کامیابی سے سر انجام پایا۔  انہوں نے عوام کو اپنے پیغام میں کہا کہ ادھر ادھر نہ جائیں، گمس گمبٹ آئیں اور پیچیدہ علاج بلکل مفت کروائیں۔

دونوں مریضائیں آپریشن کے چند گھنٹے بعد ہی سہارے سے چلنے کے قابل ہو گئیں جو اس جدید ٹیکنالوجی کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔