الحمد یونیورسٹی اسلام آباد میں دوسری بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ  کانفرنس کا انعقاد

6

اسلام آباد، 03ستمبر(اے پی پی ): الحمد یونیورسٹی کے شعبہ علومِ اسلامیہ کے زیر اہتمام دوسری بین الاقوامی سیرت کانفرنس جمعرات  کو یہاں منعقد  ہوئی ۔ کانفرنس  کا موضوع ’’عصرِ حاضر میں نوجوانوں کو درپیش تعلیمی، معاشی اور سماجی چیلنجز اور سیرتِ طیبہ ﷺ کی روشنی میں ان کا حل‘‘ تھا۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کانفرنس کے مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سمیت دانشوروں، محققین اور ماہرین نے شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ سیرتِ نبوی ﷺ ہمارے لیے مکمل ضابطۂ حیات اور دنیا و آخرت میں کامیابی کا حقیقی راستہ ہے۔ نوجوانوں کو درپیش تعلیمی، معاشی اور سماجی چیلنجز کا پائیدار حل اسلامی تعلیمات اور سیرتِ طیبہ ﷺ کی روشنی میں تلاش کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل کے معمار ہیں، انہیں جدید تعلیم، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے ساتھ اسلامی اقدار، اخلاقیات، برداشت اور مثبت سوچ سے بھی آراستہ کرنا ضروری ہے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرتِ طیبہ ﷺ میں ہمارے تمام مسائل کا حل موجود ہے، نوجوانوں کو علم اور اخلاق کی مضبوط بنیاد فراہم کرنے کے لیے اسوۂ حسنہ ﷺ پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں برداشت، رواداری اور اخوت کو فروغ دینے کے ساتھ انہیں جدید علوم، مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیرتِ طیبہ ﷺ ہمیں اخوت، دیانت داری، رواداری اور انسانیت کے احترام کا درس دیتی ہے۔ ملکی ترقی اور نوجوانوں کی بہتری کے لیے اجتماعی طور پر مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

مقررین نے کانفرنس کے انعقاد کو سیرتِ طیبہ ﷺ کے آفاقی پیغام کو عام کرنے اور نوجوان نسل کی فکری و اخلاقی تربیت کے لیے اہم قدم قرار دیا۔