ملتان، 7 ستمبر (اے پی پی): ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ڈویژن میں الیکٹرک بس سروس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ملتان ضلع میں 45 الیکٹرک بسیں موصول ہوچکی ہیں جبکہ مزید بسیں بھی جلد متوقع ہیں۔ ملتان میں الیکٹرک بس سروس کے لیے 5 روٹس مقرر کیے گئے ہیں اور سروس کا باقاعدہ آپریشن ستمبر میں شروع ہوگا۔
کمشنر عامر کریم خاں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خانیوال میں 9 الیکٹرک بسیں 3 روٹس پر، وہاڑی میں 10 الیکٹرک بسیں 2 روٹس پر جبکہ لودھراں میں 11 الیکٹرک بسیں 3 روٹس پر آپریشنل ہیں اور شہریوں کو سستی و آرام دہ سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔
اجلاس میں بس شیلٹرز کی تعمیر و تکمیل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ کمشنر نے بتایا کہ ملتان سٹی میں 49 بس شیلٹرز کی تعمیر جاری ہے، جن میں سے 32 مکمل جبکہ 17 زیر تعمیر ہیں۔ ملتان صدر میں 87 بس شیلٹرز مکمل کیے جاچکے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسی طرح خانیوال میں 24، وہاڑی میں 45 جبکہ لودھراں میں 128 بس شیلٹرز کی تعمیر مکمل کی جاچکی ہے۔ کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ الیکٹرک بس سروس کا بنیادی مقصد شہریوں کو جدید، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔











