غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز اور اوور چارجنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 6 افراد گرفتار

0

ملتان، 07 ستمبر (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز اور شہریوں سے اوور چارجنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں۔

اسسٹنٹ کمشنر سٹی مکرم سلطان کی سربراہی میں کے کے مارٹ، مال آف ملتان، چیز اپ، شریف پلازہ، برانڈ روڈ اور فاطمہ جناح ہسپتال کے پارکنگ سٹینڈز پر چھاپے مارے گئے۔ کارروائی کے دوران شہریوں سے غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کرنے اور مقررہ نرخ سے زائد چارجز لینے پر 6 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

کارروائی سے قبل ضلعی انتظامیہ کے عملے نے سادہ لباس میں خفیہ تصدیقی دورے کرکے غیر قانونی پارکنگ فیس وصولی کے ٹوکن اور سلپس حاصل کیں، جس کے بعد باقاعدہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے گرفتار افراد کے خلاف 6 الگ الگ مقدمات درج کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے مقدمات میں بھتہ خوری سے متعلق دفعات شامل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر واضح کیا کہ شہریوں سے غیر قانونی پارکنگ فیس اور اوور چارجنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور غیر قانونی سٹینڈز قائم کر کے ناجائز وصولیاں کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔