وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کا پائیدار پانڈا بانڈ کو کلائمیٹ بانڈز ایوارڈز میں عالمی پذیرائی ملنے پر اظہارِ تشکر

3

اسلام آباد ،16 ستمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کلائمیٹ بانڈز انیشی ایٹو کے زیرِ اہتمام منعقدہ کلائمیٹ بانڈز ایوارڈز میں پاکستان کے پائیدار پانڈا بانڈ کو عالمی سطح پر پذیرائی ملنے پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔

انہوں نے اس اہم عالمی اعزاز پر کلائمیٹ بانڈز انیشی ایٹو، حکومتِ چین، ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، سرمایہ کاروں، مشیروں، انڈر رائٹرز اور تمام متعلقہ شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔

وفاقی وزیر سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ یہ اعزاز پاکستان کے لیے عالمی سرمایہ کاری کے نئے ذرائع تک رسائی، بین الاقوامی شراکت داریوں کے فروغ اور پائیدار و مارکیٹ پر مبنی مالی معاونت کے شعبے میں اہم پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پائیدار ترقی کے لیے مضبوط بنیادیں استوار کرتے ہوئے نئے عالمی مالیاتی مواقع اور بین الاقوامی شراکت داریوں کو فروغ دے رہا ہے۔