بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ، سرکاری محکموں سے ملازمین اور عمارتوں کا ڈیٹا طلب

2

لودھراں، 12 ستمبر (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیرصدارت متوقع بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اہم اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر لیاقت نواز میتلا، اسسٹنٹ الیکشن کمشنر نسیم اعوان سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں متوقع بلدیاتی انتخابات کے لیے تمام محکمے اپنی تیاریاں مکمل رکھیں۔ انہوں نے تمام سرکاری محکموں سے گریڈ ایک سے گریڈ 19 تک کے ملازمین کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ضلعی سربراہان کو ہدایت کی کہ اپنے سٹاف کا مکمل ڈیٹا فوری طور پر الیکشن کمشنر آفس کو فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سرکاری سٹاف میں سے ریٹرننگ افسران، اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران اور پولنگ سٹاف کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ بروقت ڈیٹا کی دستیابی سے انتخابی عملے کی تعیناتی میں آسانی ہوگی۔ڈپٹی کمشنر نے ضلع کی یونین کونسلوں میں موجود سرکاری دفاتر، سکولز، ہیلتھ مراکز اور دیگر سرکاری عمارتوں کی تفصیلات بھی طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ایسی عمارتوں کو ترجیح دی جائے جہاں پانی، بجلی، واش رومز، فرنیچر اور دیگر بنیادی سہولیات دستیاب ہوں۔محمد اشرف نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں تمام ہوم ورک فوری مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں تمام انتظامات کو 14 ستمبر تک حتمی شکل دینے کی ٹائم لائن بھی مقرر کی گئی۔