سی ڈی اے کی اسلام آباد میں غیر قانونی تجاوزات اور غیر مجاز تعمیرات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری، سرکاری اراضی واگزار

1

اسلام آباد، 30 ستمبر (اے پی پی): کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے وفاقی دارالحکومت بھر میں غیر قانونی تجاوزات، غیر مجاز تعمیرات اور غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف بڑے پیمانے پر مربوط آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔

 سی ڈی اے حکام کے مطابق سرکاری و عوامی اراضی پر کسی بھی قسم کی غیر قانونی تجاوزات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور تمام اقدامات قانون کے مطابق عمل میں لائے جا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اس آپریشن کی براہِ راست نگرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے علاقوں میں کر رہے ہیں۔ اس مہم کے دوران غیر قانونی تعمیرات اور منظور شدہ نقشوں کے بغیر قائم کی جانے والی عمارتوں کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جا رہی ہے۔ مزید برآں، غیر موافق لینڈ یوز (Land Use) اور غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں پر بلڈنگ کنٹرول قوانین کے تحت فوری اور سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔

سی ڈی اے کی جانب سے سرکاری اراضی، گرین ایریاز، روڈ ریزرویشنز اور عوامی مقامات کے تحفظ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں اب تک کیپٹل اراضی کو قبضہ مافیا اور تجاوزات کنندگان سے واگزار کرایا جا چکا ہے۔

 حکام نے واضح کیا ہے کہ خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں تجاوزات کا خاتمہ، غیر قانونی تعمیرات کا انہدام اور متعلقہ عمارات کو سیل کرنے کے اقدامات بلا تاخیر کیے جا رہے ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے تمام جاری کارروائیوں میں مکمل شفافیت، یکسانیت اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنانے کی سخت ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کو تجاوزات سے پاک، خوبصورت اور ایک منظم شہر برقرار رکھنے کے لیے یہ آپریشن بلاامتیاز اور مسلسل جاری رکھا جائے گا۔