قلات، پاکستان ہائی وے پر سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی ، فتنہ الہندوستان کے 5 دہشت گرد ہلاک، 23 مغوی بازیاب

2

راولپنڈی،20ستمبر  (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے قلات کے قریب پاکستان ہائی وے (این-25)پر دہشت گردوں کا اغوا، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم ”فتنہ الہندوستان“ کے پانچ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا، کارروائی کے دوران 23 مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرا کر چھینی گئی 11 گاڑیاں اور بھاری اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 18 اور 19 ستمبر 2026 کی درمیانی رات فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے قلات کے قریب پاکستان ہائی وے (چمن تا کراچی، این-25) پر پرامن آمد و رفت میں خلل ڈالنے کی کوشش کی جہاں انہوں نے تاوان کے لیے اغوا، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی غرض سے ناکہ قائم کیا تھا۔ سکیورٹی فورسز نے فوری ایکشن لیااور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مسلح افواج کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والی پراکسی فتنہ الہندوستان کے پانچ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ۔

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 23 مغویوں کو بھی بازیاب کرا لیا، اس کے علاوہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد کے ساتھ 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 گاڑیاں بھی برآمد کی گئیں۔

سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والی پراکسی فتنہ الہندوستان کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا گیا۔علاقے میں موجود دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے، مقامی آبادی کے تحفظ اور اہم قومی شاہراہوں کی حفاظت و سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سرچ اور کلیئرنس (سینیٹائزیشن) آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ”عزمِ استحکام“ کے تحت دہشت گردی کے خلاف بلا تعطل مہم پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی فنڈنگ اور پشت پناہی سے پھیلائی جانے والی دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔