معاشی استحکام کے بعد اگلا ہدف پائیدار اقتصادی ترقی ہے، نجی شعبے کو مزید مواقع فراہم کر رہے ہیں: مشیرِ وزیراعظم محمد علی

5

اسلام آباد،17 ستمبر(اے پی پی): مشیرِ وزیراعظم برائے نجکاری محمد علی نے کہا ہے کہ معاشی استحکام کے بعد پاکستان کا اگلا ہدف پائیدار اقتصادی ترقی ہے، اور ملک میں سرمایہ کاری، پیداوار اور برآمدات کے فروغ کے ذریعے معیشت کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔

لیڈرز اِن اسلام آباد بزنس سمٹ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کے لیے سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی اور سرمایہ کاری کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، اور جہاں نجی شعبہ مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے، وہاں اسے مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ نجکاری کا بنیادی مقصد قومی اثاثوں کی استعداد اور قدر میں اضافہ کرتے ہوئے انہیں معاشی ترقی کے لیے مؤثر انداز میں بروئے کار لانا ہے۔

محمد علی نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کاروباری اعتماد اور پالیسیوں کا تسلسل بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ مستقبل کی معاشی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے نجی سرمایہ کاری کو متحرک کرنا اور کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینا ناگزیر ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کو ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ ساتھ اس کی تیاری اور برآمدات میں بھی نمایاں مقام حاصل کرنا ہوگا۔ ملک کی بڑی آبادی کو بہترین انسانی وسائل اور پیداواری صلاحیت میں تبدیل کرکے معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

مشیرِ وزیراعظم نے کہا کہ خواتین کی معاشی شمولیت پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے، اس لیے انہیں معاشی سرگرمیوں میں بھرپور مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی کاروباری اداروں کو عالمی منڈیوں میں اپنی صلاحیتیں اجاگر کرتے ہوئے برآمدات کو فروغ دینا چاہیے۔

انہوں نے اپنے خطاب کے آخر میں کہا کہ 2050 کا پاکستان آج کے درست فیصلوں اور بروقت اقدامات سے ہی تشکیل پائے گا۔ بدلتی ہوئی عالمی معیشت کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کو سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، پیداوار اور عالمی تجارت کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کو مزید فروغ دینا ہوگا۔