لاہور، 11 ستمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ سے نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ نے ملاقات کی، جس میں پنجاب حکومت کی جانب سے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، فلاح و بہبود اور استعداد کار میں اضافے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں فرسٹ سیکرٹری پولیٹیکل افیئرز جورن وان ڈین ہیوویل اور سیکرٹری ہیومن رائٹس اینڈ مائنارٹیز افیئرز ڈاکٹر عثمان علی خان بھی شریک تھے۔
صوبائی وزیر نے نیدرلینڈز کے سفیر کو اقلیتوں کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اقدامات اور مختلف فلاحی منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پنجاب میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے نیشنل کمیشن فار مائنارٹی رائٹس کے حوالے سے حکومتی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی۔
رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبائی سطح پر مائنارٹی رائٹس کمیشن کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ اقلیتوں کے لیے ایمبیسیڈر پروگرامز، کیپیسٹی بلڈنگ اور ای لرننگ پراجیکٹس بھی شروع کیے جا رہے ہیں تاکہ انہیں جدید تربیتی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
صوبائی وزیر نے مذہبی سیاحت کے فروغ اور اقلیتی برادریوں کے مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے حکومت پنجاب کی کاوشوں سے بھی نیدرلینڈز کے سفیر کو آگاہ کیا۔
نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر اقلیتی امور کی جانب سے اقلیتوں کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے مشترکہ مفادات کے منصوبوں میں تعاون کی پیشکش کی۔ انہوں نے مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے جہاں ضرورت ہو، ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات کے دوران پنجاب میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، استعداد کار میں اضافے اور جدید تربیتی پروگرامز کے فروغ کے لیے بین الاقوامی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔











