راولپنڈی، 23 ستمبر (اے پی پی): وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے یوتھ پروگرام محمد رؤف راجہ نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیرمین رانا مشہود احمد خان کی ہدایت پرراولپنڈی کے مختلف پٹرول پمپس کا دورہ کیا اور وزیراعظم کی جانب سے کم آمدن والے افراد کے لیے متعارف کرائی گئی سستا پٹرول سکیم پر عملدرآمد اور پٹرول کی ترسیل کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے شہریوں سے سکیم کے حوالے سے ان کی رائے بھی معلوم کی اور موٹرسائیکل سواروں سے مختلف سوالات کیے۔موٹرسائیکل سوار شہریوں نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے کم آمدن والے افراد کے لیے متعارف کرائی گئی سستا پٹرول سکیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ مہنگے پٹرول کے باوجود مستحق شہریوں کو کم قیمت پر پٹرول کی فراہمی خوش آئند اقدام ہے، جس سے غریب اور کم آمدن والے افراد کو مالی بچت حاصل ہوگی۔
محمد رؤف راجہ نے شہریوں کو وزیراعظم کی سستا پٹرول سکیم کے مقاصد اور طریقہ کار سے آگاہ کیا اور پٹرول پمپ مالکان کو ہدایت کی کہ سکیم کے تحت پٹرول حاصل کرنے کے لیے آنے والے شہریوں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے اور انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔











