گزشتہ اڑھائی برس کے دوران حکومت نے معاشی اعتماد کی بحالی اور معیشت کی بنیادیں مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے، معاشی اشاریوں میں بہتری آئی ہے، احسن اقبال

7

اسلام آباد،21 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ گزشتہ اڑھائی برس کے دوران حکومت نے معاشی اعتماد کی بحالی اور معیشت کی بنیادیں مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے، معاشی اشاریوں میں بہتری آئی ہے جبکہ اب معاشی استحکام کو بلند اور پائیدار اقتصادی ترقی میں تبدیل کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔

ماہانہ ترقیاتی رپورٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ضروری اشیاء اور خدمات کی قیمتوں میں اضافے کے دباؤ کو کم کرنے کے لئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے باقاعدہ اجلاسوں کے ذریعے قیمتوں کی مؤثر نگرانی اور ضروری اشیاء کی قیمتوں میں تھوک و پرچون کے درمیان بلاجواز فرق ختم کرنے کے لئے ہدفی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے صنعتی شعبے میں پیداوار کی رفتار میں بہتری آ رہی ہے۔ آٹو موبائلز، ٹرانسپورٹ آلات، تمباکو، ملبوسات، برقی آلات اور نان میٹالک منرل مصنوعات کی پیداوار میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی پیداوار میں بہتری پاکستان کے صنعتی بنیاد کے مضبوط ہونے کی علامت ہے، روایتی برآمدی شعبوں کی بحالی اور انہیں مزید مسابقتی بنانا ضروری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی اشیاء اور خدمات کی برآمدات میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں اضافہ ہوا ہے۔ غذائی اشیاء، پٹرولیم مصنوعات، چمڑے اور دیگر برآمدی شعبوں میں بھی بہتری ریکارڈ کی گئی۔انہوں نے کہا کہ خدمات کی برآمدات میں اضافہ پاکستان کی معیشت میں نئے مواقع کی نشاندہی کرتا ہے۔ پاکستان کی برآمدات بتدریج روایتی شعبوں سے آگے بڑھ کر آئی ٹی اور ڈیجیٹل معیشت کی جانب منتقل ہو رہی ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ترسیلات زر میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکا سے نمایاں ترسیلات زر موصول ہوئیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ رواں مالی سال کے آغاز پر پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی رفتار میں بھی بہتری آئی ہے۔ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے جو معیشت میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اب معاشی استحکام کو بلند اور پائیدار اقتصادی ترقی میں تبدیل کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ برآمدات کی بنیاد کو وسیع کرنا، مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن بڑھانا، ٹیکنالوجی اور خدمات کی برآمدات کو فروغ دینا اور نجی سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنا معاشی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’اڑان پاکستان‘‘ کے تحت سرمایہ کاری کے فروغ اور وسیع تر ترقیاتی ایجنڈے کے ذریعے ملک کو پائیدار اور جامع معاشی ترقی کی سمت لے جایا جا رہا ہے۔ پاکستان کو زیادہ پیداواری اور برآمدات پر مبنی معیشت بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ماہانہ ترقیاتی اپ ڈیٹ شفاف، شواہد پر مبنی اور جوابدہ طرز حکمرانی کے عزم کا مظہر ہے۔ ترقیاتی منصوبوں اور معاشی پیش رفت کی مؤثر نگرانی کے لئے شفافیت اور شواہد پر مبنی فیصلہ سازی ضروری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں سے حاصل ہونے والی پیش رفت پاکستان کو پائیدار ترقی، سرمایہ کاری اور عوام کے لئے نئے مواقع کی جانب لے جا رہی ہے، معاشی ترقی کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا حکومت کی معاشی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔