یومِ دفاع: جناح ہال میں ہلالِ استقلال پرچم کشائی کی پروقار تقریب

2

لاہور، 6 ستمبر (اے پی پی): جناح ہال میں 6 ستمبر یومِ دفاع اور ہلالِ استقلال کے موقع پر پرچم کشائی کی پروقار اور پُرعزم تقریب منعقد ہوئی، جہاں قومی سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا اور یومِ دفاع کے حوالے سے سائرن بجایا گیا۔
تقریب میں کمشنر لاہور نعمان یوسف، ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز اور پاک افواج کے افسران سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ پولیس کے دستے اور بینڈ نے شاندار انداز میں سلامی پیش کی، جبکہ اسکاؤٹس اور سول ڈیفنس کے اہلکاروں نے پریڈ کے دوران پُرجوش انداز میں ’’اللہ اکبر‘‘ کے نعرے بلند کیے۔
پولیس بینڈ کی دھنوں، مارچ اور ملی نغموں سے تقریب کا ماحول قومی جذبے سے سرشار ہوگیا۔ کمشنر لاہور نعمان یوسف کو پھولوں کے گلدستے بھی پیش کیے گئے۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، بلدیہ عظمیٰ لاہور، پولیس، محکمہ تعلیم، سول ڈیفنس، پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر لاہور نعمان یوسف نے کہا کہ پاکستان کی مٹی میں بہادری، محنت اور وفا کا جذبہ موجود ہے۔ وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے والدین اور ماؤں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایسے بہادر سپوت پیدا کیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو صرف دیانت داری اور محنت کے بل بوتے پر ترقی یافتہ ملک بنایا جا سکتا ہے۔ لاہور شہر کے لیے ہلالِ استقلال ایک عظیم اعزاز ہے اور ہلالِ استقلال و یومِ دفاع کی تقریب ٹاؤن ہال میں شایانِ شان طریقے سے منائی گئی۔
کمشنر لاہور نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں ان عظیم شہدا کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ تقریب میں شہدا اور ان کے اہل خانہ کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
اس موقع پر سرکاری اسکولوں کے بچوں نے بھی مختلف پرفارمنسز پیش کیں اور ملی نغموں کے ذریعے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔