لودھراں، 6 ستمبر (اے پی پی ): لودھراں میں یوم دفاع پاکستان کے موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام گورنمنٹ ہائی سکول گگن ہٹہ میں پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں سی ای او ایجوکیشن اسرار الحق، تعلیمی افسران، اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے دوران طلبہ و طالبات نے ملی نغموں، تقاریر اور ٹیبلوز کے ذریعے پاک افواج اور شہداء کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر طلبہ نے وطن عزیز سے محبت اور قومی یکجہتی کے جذبے کا بھی بھرپور اظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، جغرافیائی اور سماجی لحاظ سے ہم کلمۂ واحد سے جڑے ہوئے ہیں۔ پاکستان ہمارے لیے ایک حسین گلدستہ ہے جبکہ پاک افواج ہماری سلامتی اور قومی وقار کی علامت ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے ملک و قوم اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنایا، ہمیں ان کی قربانیوں کی قدر کرنی چاہیے۔ ہمارے جوان اپنے لہو سے تاریخ رقم کر رہے ہیں اور قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ڈپٹی کمشنر نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ نوجوان نسل میں وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور ذمہ داری کا شعور اجاگر کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان ہمارے لیے آخری جائے پناہ ہے اور یہ ملک ان شاء اللہ ابد تک قائم و دائم رہے گا۔محمد اشرف نے مزید کہا کہ آج ہمیں بیرونی خطرات کے ساتھ ساتھ اندرونی خلفشار اور لسانی تعصبات سے بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ قومی اتحاد، بھائی چارے اور باہمی احترام کے ذریعے ہی ہم پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بنا سکتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ اس دوران فضا “پاکستان زندہ باد، پاک افواج زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔











