اسلام آباد: پاکستان میں نائیجیریا کے ناظم الامور محمد یاساؤ نے کہا ہے پاکستان اور نائیجیریا کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، دونوں ممالک باہمی اعتماد اور مشترکہ مقاصد کو دفاع، سلامتی، تجارت، زراعت، ادویہ سازی، توانائی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں عملی تعاون میں بدل سکتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) میں نائیجیریا کے قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو کثیرالجہتی عالمی فورمز پر بھی رابطوں اور تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہیے۔
انہوں نے عالمی امن، منصفانہ ترقی اور زیادہ نمائندہ بین الاقوامی نظام کے فروغ کے لیے پاکستان اور نائیجیریا کی مشترکہ ذمہ داری پر زور دیا۔
تقریب کے ابتدائی کلمات میں آئی ایس ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل سفیر معین الحق نے نائیجیریا کی معاشی صلاحیت، ثقافتی ورثے اور علاقائی قیادت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور نائیجیریا کے درمیان 1961ء سے دیرینہ دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے دوطرفہ تجارت میں اضافے اور تجارتی معاہدے پر پیش رفت تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
سینیٹر مشاہد حسین سید نے پاکستان اور نائیجیریا کے تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے نائیجیریا کے پہلے وزیراعظم سر ابوبکر تفاوا بالیوا کی خدمات کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر افریقہ کی اہمیت مسلسل بڑھ رہی ہے، جس سے پاکستان کے لیے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور تحقیق کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان دیرینہ خیرسگالی کو عملی تعاون میں تبدیل کیا جانا چاہیے۔نائیجیریا میں پاکستان کے سفارتی مشن کے ہیڈ آف چانسری محمد عمران نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے کاروباری روابط کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔سینٹر فار مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر آمنہ خان نے اپنے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ ادارہ افریقہ کے ساتھ پاکستان کے علمی روابط کو گہرا کرنے اور اس براعظم کے بارے میں بہتر تفہیم کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مکالمے اور باہمی تجربات کے تبادلے کے ذریعے افریقی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کی ضرورت بھی اجاگر کی۔
تقریب کے اختتامی کلمات میں آئی ایس ایس آئی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین سفیر خالد محمود نے نائیجیریا کو ’’افریقہ کا دیو‘‘ قرار دیتے ہوئے اس کی توانائی، صلاحیتوں اور ترقی کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد پر اور نائیجیریا کے سفارتی مشن کی کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور پاکستان کی جانب سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔نائیجیریا کے قومی دن کی یہ تقریب آئی ایس ایس آئی کے سینٹر فار مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ اور پاکستان افریقہ انسٹی ٹیوٹ فار ڈیولپمنٹ اینڈ ریسرچ کے مشترکہ تعاون سے منعقد ہوئی، جس میں سفارت کاروں، پالیسی سازوں اور محققین نے شرکت کی۔











