اسلام آباد،29اکتوبر(اے پی پی): قومی اسمبلی کوبتایاگیاہے کہ وزارتِ مواصلات نے وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق ڈائنگ کیڈر کی آسامیاں ختم کی ہیں ،موجودہ تکنیکی عملے کو مقررہ پالیسی کے تحت ترقی دی جا سکتی ہے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں موٹروے پولیس کے تکنیکی عملہ ترقیوں سے متعلق نیلم کے توجہ مبذول نوٹس پرپارلیمانی سیکرٹری مواصلات گل اصغرخان نے ایوان کوبتایاکہ وفاقی کابینہ کے 6 ستمبر 2024 اور 18 اکتوبر 2024 کے فیصلوں کے تحت ختم ہونے والے کیڈر کی آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا،جس پر وزارتِ مواصلات نے وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق عمل درآمد کیا،نیشنل موٹروے اینڈ ہائی وے پولیس میں مجموعی طور پر 270 آسامیاں ختم کی گئیں، جن میں پلمبر، الیکٹریشن اور دیگر تکنیکی عملے کی آسامیاں شامل تھیں۔ اس سے قبل ان ملازمین کی ترقیوں کے امکانات بھی زیرِ غور تھے،تاہم وزیراعظم کی ہدایات پر قائم رائٹ سائزنگ کمیٹی نے ختم ہونے والے کیڈرز اور آؤٹ سورس کیے جانے والے کاموں کے ذریعے وفاقی حکومت پر اخراجات کا بوجھ کم کرنے کی سفارش کی تھی۔پارلیمانی سیکرٹری نے بتایا کہ کابینہ اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے فیصلوں کے مطابق موجودہ تکنیکی عملے کو مقررہ پالیسی کے تحت ترقی دی جا سکتی ہے اس کے لیے متعلقہ ملازمین کو پہلے دس سال، پھر آٹھ سال اور اس کے بعد مزید آٹھ سال کی مقررہ مدت پوری کرنا ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ وفاقی کابینہ کا فیصلہ ہے، وزارتِ مواصلات کا اپنا فیصلہ نہیں۔ ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ رائٹ سائزنگ پالیسی صرف وزارتِ مواصلات تک محدود نہیں بلکہ تمام وفاقی وزارتوں اور محکموں پر لاگو ہوتی ہے دیگر محکموں، بشمول محکمہ ڈاک، میں بھی آسامیاں ختم کی گئیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ متعلقہ ملازمین مقررہ مدت پوری کرتے جائیں گے تو پالیسی کے مطابق ان کی ترقیوں پر عمل کیا جائے گا۔











