ایف جی ای ایچ اے اور اسمارٹ سٹی ہاؤسنگ لاہور کے درمیان رہائشی منصوبے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

12

اسلام آباد، 28 اکتوبر (اے پی پی): فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹیاور اسمارٹ سٹی ہاؤسنگ لاہور کے درمیان لاہور میں رہائشی سہولیات کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کا مقصد وفاقی سرکاری ملازمین کے لیے رہائش کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے کیپٹن (ر) ظفر اقبال کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ ایف جی ای ایچ اے کی جانب سے ڈائریکٹر جوائنٹ ونچر فیض عمر جبکہ اسمارٹ سٹی ہاؤسنگ لاہور کی جانب سے سردار عادل عمر نے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس موقع پر کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے کہا کہ یہ تعاون لاہور میں مقیم وفاقی سرکاری ملازمین کی رہائشی ضروریات پوری کرنے کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ اتھارٹی نجی شعبے کے تعاون سے رہائشی منصوبوں کی ترقی اور الاٹیز کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ و تعمیرات میاں ریاض حسین پیرزادہ اور سیکرٹری ہاؤسنگ و تعمیرات کیپٹن (ر) محمد محمود کی رہنمائی اور معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اتھارٹی شفافیت، مؤثر منصوبہ بندی اور باہمی اشتراک کے ذریعے رہائشی سہولیات کی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔