اسلام آباد، 28 اکتوبر (اے پی پی): کینابس کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی اور پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی کے درمیان سائنسی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور صنعتی شعبے میں استعداد کار بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل سی سی آر اے میجر جنرل (ر) ظفر اللہ خان اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان سمیت دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
معاہدے کا مقصد مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں، سائنسی تعاون اور جدید لیبارٹری سہولیات کے فروغ کے ذریعے پاکستان میں صنعتی ہیمپ کے شعبے میں ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
اس موقع پر دونوں اداروں کے سربراہان نے تحقیق، بائیوٹیکنالوجی اور تکنیکی مہارتوں کے فروغ کے لیے تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔











