اسلام آباد،19اکتوبر (اے پی پی):خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری کی ہدایت پر بریسٹ کینسر سے آگاہی کی سالانہ مہم ’پنکٹوبر‘ کے سلسلے میں ایوان صدر، وزیراعظم سیکرٹریٹ، سپریم کورٹ آف پاکستان، پارلیمنٹ ہائوس اور کابینہ سیکرٹریٹ سمیت اہم سرکاری عمارتوں کو آج اور کل شام (19 اور 20 اکتوبر) گلابی روشنیوں سے منور کیا جائے گا۔
اس اقدام کا مقصد عوام میں بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی بڑھانا، مرض کی بروقت تشخیص کی اہمیت اجاگر کرنا اور لوگوں کو فوری طبی مشورہ لینے کی ترغیب دینا ہے۔
دونوں روز سرکاری عمارتیں شام 7 بجے سے رات 11 بجے تک گلابی روشنیوں سے منور رہیں گی جس کے ذریعے یہ پیغام اجاگر کیا جائے گا کہ آگاہی اور بروقت تشخیص قیمتی جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔











