ملتان،24 اکتوبر (اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے برینڈ روڈ ملتان کا دورہ کیا اور جاری بیوٹیفکیشن و اپ گریڈیشن منصوبے پر پیش رفت، تعمیراتی کاموں کے معیار اور شہری سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور کنٹریکٹرز کو ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ برینڈ روڈ کو جدید سہولیات، بہتر پارکنگ، معیاری انفراسٹرکچر اور خوب صورت ماحول سے آراستہ کرکے ایک بہتر تجارتی و عوامی مقام بنایا جائے گا۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ذریعے باقی ماندہ کام مقررہ مدت میں مکمل کریں۔ بجلی کے کھمبوں کی منتقلی اور انرجائزیشن کے عمل کو ترقیاتی کاموں کے ساتھ مربوط کیا جائے تاکہ تعمیراتی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہیں۔ انہوں نے ڈرین اور پائپ لائنوں کی کنیکٹیوٹی، پائپوں کے معیار، جوائنٹس کی درستگی اور کھدائی کے بعد مٹی کی مناسب کمپیکشن یقینی بنانے پر بھی زور دیا تاکہ مستقبل میں سڑک بیٹھنے اور نکاسی آب کے مسائل پیدا نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ ڈرین اور دیگر زیرِ زمین کاموں کی تکمیل کے بعد ٹف پیور، کارپٹنگ اور لین مارکنگ کا کام مربوط انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ سڑک اور پارکنگ کا حصہ یکساں، معیاری اور خوب صورت نظر آئے۔ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران تکنیکی معیار اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کو خصوصی اہمیت دی جائے۔کمشنر نے برینڈ روڈ کی خوب صورتی میں اضافے کے لیے گرین اسٹرپس میں پلانٹرز کی تنصیب، بینچز کی رنگ سکیم، سائن بورڈز اور دیگر آرائشی عناصر کو بہتر بنانے کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رنگوں اور ڈیزائن کا انتخاب سڑک کے مجموعی ماحول سے ہم آہنگ ہو، جبکہ شہریوں کے لیے بیٹھنے، خریداری اور آمدورفت کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے۔عامر کریم خاں نے خصوصی افراد کی سہولت کے لیے برینڈ روڈ پر ریمپس تعمیر کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ وہ باآسانی مارکیٹ میں داخل ہو سکیں اور خریداری کی سہولیات سے مستفید ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں خصوصی افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھنا ضروری ہے تاکہ مارکیٹ کو ہر شہری کے لیے قابلِ رسائی اور سہولت بخش بنایا جا سکے۔دورے کے دوران کمشنر کو منصوبے کے مختلف حصوں پر ہونے والی پیش رفت، ڈرین کی تعمیر، ٹف پیور، پارکنگ، بجلی کے کھمبوں کی منتقلی، گرین اسٹرپس، بینچز، کینوپیز اور دیگر تزئین و آرائش کے کاموں پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے مطابق منصوبے کی مجموعی لاگت 36 کروڑ روپے ہے، جس میں 18 کروڑ روپے سول ورکس جبکہ 18 کروڑ روپے میپکو کے کاموں کے لیے مختص ہیں۔ منصوبے پر مالی پیش رفت 83 فیصد جبکہ فزیکل پیش رفت 87 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔منصوبے کے تحت 40 پلانٹرز مکمل کیے جا چکے ہیں، 20 کینوپیز نصب ہو چکی ہیں جبکہ 40 بینچز سائٹ پر پہنچا دیے گئے ہیں، جن پر فنشنگ کا کام جاری ہے۔ اسی طرح 42 میں سے 38 بجلی کے کھمبے نصب کرکے فعال کیے جا چکے ہیں، جبکہ باقی کھمبوں کی تنصیب متعلقہ بجلی کے نظام کی منتقلی سے مشروط ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) راشد ارشاد اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔











