ملتان ،24 اکتوبر (اے پی پی ): انتظامیہ ملتان نے مہنگائی اور سرکاری نرخ ناموں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی مکرم سلطان نے بوسن روڈ پر دو معروف ڈیپارٹمنٹل سٹورز کی انسپکشن کی، جہاں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں مقررہ نرخوں سے زائد پائی گئیں۔ انتظامیہ نے دونوں سٹورز کو ایک، ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی مکرم سلطان نے واضح کیا کہ اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات جاری ہیں۔ قیمتوں میں ناجائز اضافہ اور سرکاری نرخ ناموں کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے اور اشیائے خوردونوش کی مقررہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے مارکیٹوں اور بڑے تجارتی مراکز کی انسپکشن کا سلسلہ جاری رہے گا۔ خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔











